بنگلورو 3؍ اپریل (ایس او نیوز) نئے طور سے شامل ہونے والی 6 بوگی کی میٹروٹرین کیلئے ریسرچ ڈیزائنس اینڈ اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن (آر ڈی ایس او) سے سرٹی فکیٹ مل گئی ہے ۔لیکن ریلوے سکیورٹی کمیشن سے نو آبجکشن سرٹی فکیٹ حاصل کرنا باقی ہے ۔ اس کے فوری بعد 6 بوگیوں والی ٹرین چلنی شروع ہوجائے گی ۔ بی ایم آر سی ایل سے حاصل کردہ 3بوگیوں کو بیپنہلی ڈپو میں رکھنے کے بعد انہیں تین بوگیوں والی ٹرین سے جوڑ کر 6 بوگیوں والی ٹرین میں تبدیل کیا گیا ہے ۔ ٹرین کے سامنے والے حصہ میں لوکو پائلٹ کے بیٹھنے والی جگہ پر موجود آلات کے لئے مختلف ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے ۔ اس کے بعد اے سی ، بیٹھنے کے لئے سیٹیں ، چین، ٹائر و دیگر چیزوں کا جائزہ لیا جاچکا ہے ۔ ٹرین چلانے کے موقع پر کنٹرول روم سے رابطہ کرنے والے سگنلنگ کے ساتھ ساتھ بجلی کاانتظام بھی کیا گیا ہے ۔اس کے بعد ڈپو میں موجود ٹریک پر ہی تجرباتی طور پر اس ٹرین کو چلایا جارہا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ آر ڈی ایس او کے افسروں نے حال ہی میں ڈپو کا دورہ کرکے ڈیزائن کی کوالٹی کا جائزہ لینے کے بعد اس ٹرین کو استعمال کے قابل بتایا ہے اور اس سلسلہ میں بی ایم آر سی ایل کو سرٹی فکیٹ فراہم کی ہے۔ بی ایم آر سی ایل کے منیجنگ ڈائرکٹر مہیندرا جین کے مطابق 15 اپریل کو 6 بوگیوں پر مشتمل ٹرین سرویس شروع کرنے کا فیصلہ کارپوریشن کے زیر غور ہے ۔ ڈپو کے باہر ٹرین چلتے وقت اس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے ۔ اس سے قبل ہی ٹرین سکیورٹی کمیشن کے افسران ایک مرتبہ 6بوگیوں والی ٹرین کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ مسافروں کو تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے ٹرین کا کئی طرح سے جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ یہ ٹرین مسافروں کے استعمال کیلئے مکمل طور پر تیار ہے جس کے سبب کمیشن کی طرف سے بہت جلد منظوری مل جانے کا امکان ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بی ای ایم ایل کارخانہ میں بقیہ 147 بوگیاں تیار ہورہی ہیں ۔ جون سے ہر ماہ تین بوگیاں تیار ہوجائیں گی۔ 2019 میں تمام بوگیاں مسافروں کے لئے مختص کردی جائیں گی ،لیکن دسمبر 2018 تک تمام بوگیاں تیار کرلینے کیلئے بی ایم آر سی ایل نے بی ای ایم ایل کے ذمہ داروں کو ہدایت دے دی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان6 بوگیوں والی نئی ٹرین میں پہلی بوگی کو خواتین کیلئے مختص کیا جائے گا ۔